Aug ۲۴, ۲۰۲۵ ۱۹:۱۴ Asia/Tehran
  • غزہ میں ایک اور صحافی شہید

خبر رساں ذرائع نے غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے حملوں کے نتیجے میں ایک اور صحافی کی شہادت کی اطلاع دی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطینی صحافیوں کی یونین نے اعلان کیا ہے کہ شمالی غزہ پر قابض فوج کے حملے میں فلسطینی فوٹوگرافر اور صحافی خالد المدھون شہید ہو گئے ۔صرف دو ہفتوں میں صیہونی فوج کے ہاتھوں جان کی بازی ہارنے والا یہ ساتواں صحافی ہے۔

اعلان کردہ اعداد و شمار کے مطابق غزہ پر حالیہ جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیلی فوج نے متعدد بار فلسطینی صحافیوں کو براہ راست حملوں کا نشانہ بنایا ہے اور ان میں سے اب تک دو سو چالیس افراد شہید ہو چکے ہیں۔

یہ صیہونی جارحیت ایک ایسی کارروائی ہے جس کا مقصد حق کی آواز کو خاموش کرنا اور جارح صیہونی حکومت کے جرائم پر پردہ ڈالنا ہے۔غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کے حملے جاری ہیں۔ صیہونی حکومت کے توپ خانے نے شمالی غزہ کے جبالیہ النزلہ کے شمالی علاقوں پر شدید گولہ باری بھی کی ہے۔

وسطی غزہ میں نتساریم کے محور پر اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی کو گولی مار کر شہید کر دیا۔شمالی غزہ کے فیلڈ ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ آج اتوار کی صبح غزہ کے مختلف علاقوں بالخصوص جبالیا کیمپ میں بہت زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ جارح صیہونی حکومت جبالیا میں فلسطینیوں کے مکانوں کو وسیع پیمانے پر تباہ کر رہی ہے۔

ٹیگس