رہبر انصاراللہ یمن: جرائم پیشہ صیہونی حکومت ملت فلسطین کو صفحہ ہستی سے مٹا دینا چاہتی ہے
رہبر انصاراللہ یمن، سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے آج جمعرات کو ایک خطاب میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت غزہ کے مظلوم عوام کے قتل عام اور انہیں ختم کرنے کے لئے بھوک اور محاصرے سمیت، جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ہر حربے اور وسیلے سے کام لے رہی ہے
سحرنیوز/عالم اسلام: رہبر انصااللہ یمن نے کہا ہے کہ صیہونی دشمن ملت فلسطین کو صفحہ ہستی سے مٹا دینے کے لئے کوشاں ہے۔
انھوں نے صیہونی حکومت کے جرائم کو اس کی درندگی، حیوانیت نیز اس کے تاریک افکار کا عکاس قرار دیا۔
سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے اسرائيل کو درندہ خو اور جرائم پیشہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج دنیا اسرائیلی حکومت کی سرکشی، وحشیانہ جرائم، بے گناہوں کے قتل عام اور نسلی تصفیے کی شاہد ہے۔
انھوں نے کہا کہ صیہونی دشمن کا اصل ہدف غیر فوجی فلسطینی عوام ہیں جن پر وہ وحشیانہ ترین حملے کررہی ہے جس سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ انسانی قدروں سے اس کا دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔
رہبر انصاراللہ یمن نے کہا کہ جرائم پیشہ اور سرکش صیہونی حکومت نے درندگی اور جرائم کی ساری حدیں پار کرلی ہیں۔