Oct ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ شروع، 7 اسرائیلی قیدی ریڈ کراس کے حوالے

غاصب اسرائيل اور تحریک حماس کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ شروع ہو گیا ہے اور 7 اسرائیلی قیدیوں کو بین الاقوامی ریڈ کراس سوسائٹی کے حوالے کیا گیا ہے۔ ریڈ کراس نے بھی 7 اسرائیلی قیدیوں کی حوالگی کی تصدیق کی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی مزاحمتی تحریک کے عسکری بازو القسام بریگیڈ نے بتایا کہ اس نے آج پیر کو قیدیوں کے تبادلے کے پہلے مرحلے میں سات اسرائیلی قیدی ریڈ کراس سوسائٹی  کے حوالے کردیئے ہیں اور قیدیوں کے تبادلے کا دوسرا مرحلہ مقامی وقت کے مطابق 10 بجے شروع ہوگا۔

اسرائیلی اور فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کا مرحلہ شمالی غزہ میں سخت حفاظتی انتظامات کے تحت شروع ہوا۔ حماس نے ریڈ کراس کے ساتھ 7 اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کی جگہ کی نشاندہی کی تھی۔ تحریک حماس نے قیدیوں کی رہائی کے لئے غیر معمولی اقدامات کے سائے میں قیدیوں کی رہائی کا مرحلہ شروع کیا۔ عوام کی بڑی تعداد بھی رہائی کی جگہ پہنچی تھی۔

دوسرے مرحلے میں خان یونس سے 4 اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کی جائیں گی۔ اپنے 20 قیدیوں کے بدلے اسرائیل تقریباً 2 ہزار فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔

قابل ذکر ہے کہ اسرائیل عام طور پر فلسطینی قیدیوں کی منتقلی میں خلل ڈالتا ہے اور اس کام میں تاخیر بھی کرتا ہے۔ یہ ایک ایسا عمل ہے جس کا مشاہدہ قیدیوں کے تبادلے کی گزشتہ کارروائیوں میں دیکھا گیا ہے۔  

دریں اثنا، الجزیرہ کے نمائندے نے خان یونس سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے میں ریڈ کراس کی موجودگی کی وجہ قیدیوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانا ہے، خاص طور پر اس لئے کہ قیدیوں کے تبادلے کی اب سے پہلے کی کارروائیوں میں ہمیشہ قیدیوں کے ہاتھوں اور پیروں میں زخموں کے نشان پائے گئے تھے۔

 

ٹیگس