استقامتی محاذ نے غاصب وزیر اعظم نیتن یاہو کو گُھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا، تحریک حماس
اسلامی استقامتی تحریک حماس کے ایک سینیئر رہنما عزت الرشق نے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینی عوام اور استقامتی محاذ کی ثابت قدمی نے غاصب اسرائیلی حکومت کے وزیر اعظم نیتن یاہو کو گُھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے ایک سینیئر رہنما عزت الرشق نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینی عوام اور استقامتی محاذ کی ثابت قدمی اور استقلال نے غاصب اسرائیلی حکومت کے وزیر اعظم نیتن یاہو کو سر تسلیم خم کرنے اور اس چیز کو قبول کرنے پر مجبور کردیا جس کو وہ دو برس سے قبول کرنے سے انکار کر رہے تھے۔
عزت الرشق نے کہا کہ غزہ نے غاصب صیہونی حکومت کو گوشہ نشیں کردیا ہے اور اس کی وحشیانہ ماہیت عیاں کرکے ایک قابل نفرت حکومت میں تبدیل کردیا ہے۔
حماس کے سینیئر رہنما عزت الرشق نے مزید کہا کہ غزہ نے علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے غاصب صیہونی حکومت کے منصوبے کے خطرات کو آشکار اور عالمی رائے عامہ کو اس کے خلاف متحد کیا ہے۔