Oct ۲۸, ۲۰۲۵ ۱۴:۴۷ Asia/Tehran
  • ترکیہ میں زلزلہ: 3 عمارتیں تباہ، پاکستانی وزیر خارجہ کا اظہارِ یکجہتی

ترکیہ کے ایک مغربی علاقے میں پیر کی رات آنے والے زلزلے میں 3 عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں۔ اس زلزلے کی شدت رکٹر اسکیل پر چھ اعشاریہ ایک بتائی گئی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے مغربی قصبے سِندِرگی میں پیر کی رات چھ اعشاریہ ایک شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں 3 عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ گزشتہ 3 ماہ سے بھی کم عرصے میں یہ اس علاقے میں آنے والا دوسرا زلزلہ ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ترکیہ کی ہنگامی امدادی ایجنسی آفاد نے بتایا کہ یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق پیر کی رات 10 بج کر 48 منٹ پر آیا اور اس کے جھٹکے استنبول اور سیاحتی مرکز ازمیر میں بھی محسوس کیے گئے۔ ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

ترکیہ  کے وزیر داخلہ علی یرلکایا نے کہا کہ پچھلے زلزلے کے بعد جن 3 عمارتوں اور ایک دکان کو خالی کرایا گیا تھا، وہ تازہ زلزلے کے نتیجے میں گرگئی ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

ادھر پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار ترکیہ کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اسحٰق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان امدادی کاررائیوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور ہماری دعائیں تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔

 

ٹیگس