شیخ نعیم قاسم : امریکہ ، ایران سے ہار چکا ہے
اربعین حسینی کے موقع پر ، اہل بیت (ع) کے عاشقوں اور مزاحمتی محاذ کے حامیوں کی بڑی تعداد کی شرکت کے ساتھ، لبنان کے شہر بعلبک میں ایک مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: اس موقع پر لبنان کی حزب اللہ تحریک کے سیکرٹری جنرل، شیخ نعیم قاسم نے بطور مرکزی مقرر، علاقے کی تازہ ترین پیش رفت کی وضاحت اور صہیونی حکومت کی جارحیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
شیخ نعیم قاسم نے سید حسن نصر اللہ کی شہادت اور پیجر دھماکوں سمیت صیہونی حکومت کی مختلف جارحانہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام اقدامات کا مقصد مزاحمت کو ختم کرنا تھا لیکن مزاحمت نہ صرف ختم نہيں نہیں ہوئی بلکہ اس نے ایمان اور آمادگی کے سہارے علاقے میں طاقت کا توازن بدل دیا ۔
حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے ان جارحیت کے خاتمے کا اصل سبب ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمتی نوٹ کو قرار دیا اور واضح کیا کہ تہران نے مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہو کر جارحیت کے خاتمہ کو بنیادی شرط کے طور پر پیش کیا اور واشنگٹن کو ان مطالبات کے سامنے جھکنا پڑا اور اسے جنگ بندی قبول کرنی پڑی۔
انہوں نے کہا کہ اس مفاہمت نے اسرائیل کو لگام لگائی اور آج بھی جب ٹرمپ ایک بار پھر جنگ کی آگ بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں، صہیونی حکومت کو ایران پر حملہ کرنے کی جرات نہیں ہے۔
حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنی تقریر میں ، مغربی ایشیا میں طاقت کے توازن کا تجزیہ پیش کرتے ہوئے واضح طور پر اعلان کیا: "ایران جیت گیا اور امریکہ ہار گیا"۔
شیخ نعیم قاسم نے امریکہ اور اسرائیل کے فوجی-سیاسی اتحاد کے سامنے اسلامی جمہوریہ ایران کی بے مثال استقامت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تہران نے حکمت عملی اور الہی ارادے پر بھروسہ کرتے ہوئے، نہ صرف یہ کہ وہ حالیہ کسی بھی تصادم میں پیچھے نہیں ہٹا، بلکہ تہران نے دور اندیشی کے ساتھ منصوبہ بندی کرکے، حالات کو مزاحمتی محاذ کے حق میں تبدیل کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا: امام خامنہ ای کی شہادت عزت، انقلاب، سرگرمی اور مزاحمت کے راستے کے جاری رہنے کی سند ہے۔ ایران نے اپنی استقامت سے یہ ثابت کر دیا کہ وہ ایک طاقتور اور ناقابل شکست ملک ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے حزب اللہ اور شام کی عبوری حکومت کے تعلقات کے بارے میں بھی واضح کیا ہے کہ حزب اللہ اور شام کی قیادت کے درمیان ملاقات کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور یہ ملاقات مناسب وقت پر، دونوں فریقوں کی مرضی سے ہوگی۔
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel