ٹرمپ ایران کو جھکانے میں ناکام: صیہونی میڈیا
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i457798-ٹرمپ_ایران_کو_جھکانے_میں_ناکام_صیہونی_میڈیا
ایک اسرائيلی اخبار نے آبنائے ہرمز کی صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ایران کو سرینڈر پر مجبور کرنے سے عاجز ہیں۔
(last modified 2026-10-17T18:14:22+00:00 )
Oct ۱۷, ۲۰۲۶ ۲۱:۴۴ Asia/Tehran
  • ٹرمپ ایران کو جھکانے میں ناکام: صیہونی میڈیا

ایک اسرائيلی اخبار نے آبنائے ہرمز کی صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ایران کو سرینڈر پر مجبور کرنے سے عاجز ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ایک صیہونی اخبار نے آبنائے ہرمز اور باب المندب کے بحرانوں کو حل کرنے میں امریکا کی ناکامیوں کا ذکر کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ٹرمپ، اسلامی جمہوریۂ ایران کو سرینڈر پر مجبور کرنے سے عاجز ہیں۔

 اسرائيلی اخبار "یدیعوت آحارونوت" نے کہا ہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایران کے نظام کو جھکانے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ اس اخبار نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ٹرمپ کی ٹیم، امریکا کے صدر کے کم ترین مطالبے بھی ایران سے منوانے کی اہلیت نہیں رکھتی، دعویٰ کیا کہ ان مطالبوں میں جوہری ہتھیاروں کی تیاری روکنا اور آبنائے ہرمز اور باب المندب میں آزادانہ جہاز رانی کا احترام شامل ہے۔

اس صیہونی اخبار نے ایران کے خلاف جارحانہ حملوں کے دوران صیہونی حکومت کی ناکامیوں کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ اسرائیلی فوج اور موساد کے پاس اب تک اس سوال کا کوئی واضح اور عملی جواب نہیں ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کا اگلا دور وہ کون سے مقاصد حاصل کرے گا جو پچھلے ادوار میں حاصل نہیں ہوسکے؟ اور کیا جنگ کا اگلا دور ہمیں چند ماہ یا چند سال بعد یا اس کے بعد کے ادوار میں ایک اور جنگ سے بے نیاز کردے گا؟

دریں اثنا ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے "الجدید" ٹی وی چینل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ایران کے خلاف حالیہ جارحیت کے بارے میں کہا کہ تاریخ ہمارے دفاع کو یاد رکھے گی، جس طرح وہ ان طاقتوں کی شکست بھی درج کرے گی جو ایران پر اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتی تھیں۔

انھوں نے خطے میں ایک اور جنگ کے امکان کے بارے میں کہا کہ ایران نے بارہ روزہ جنگ اور اسی طرح رمضان جنگ کے نام سے موسوم چالیس روزہ جنگ میں دنیا کی سب سے طاقتور افواج اور جوہری ہتھیاروں سے لیس حکومتوں کے خلاف تن تنہا مزاحمت کی۔ ہمیں اپنی صلاحیتوں اور عزم پر یقین ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ایک اور جنگ ہوئی تو ہم نہ صرف جارحین کو سزا دیں گے بلکہ حالات کو بھی بدل دیں گے تاکہ صورت حال ان تبدیلیوں سے پہلے والی کیفیت پر واپس نہ جاسکے۔

خطیب زادہ نے انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت خطے میں طاقت کا توازن بدل چکا ہے اور یہ صورت حال امریکا اور اسرائیل کے حق میں نہیں ہے اور یہ ایک ایسی حقیقت ہے جس سے سب واقف ہیں۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel