عید بعثت کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی کا خطاب
حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بعثت کی عظیم الشان مناسبت کے موقع پراسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف عہدیداروں، تہران میں مقیم مختلف اسلامی ممالک کے سفیروں اور شہداء کے اہل خانہ نے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں صدر اسلام سے آج تک جاری رہنے والے دو محاذوں، بعثت اور جھالت کا تذکرہ کرتے ہوئے، بعثت کے سلسلے کے جاری رہنے کا اصلی نمونہ پیغمبران الہی کے وسیلے سے ہدایت یافتہ عقل، جبکہ شہوت اور غضب کو جاھلیت کا اہم ترین نمونہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ آج امت مسلمہ کا اہم ترین وظیفہ امریکہ کی سرکردگی میں جاری جھالت کا مقابلہ کرنا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران بعثت کے محاذ کے سربراہ کی حیثیت سے اس راستے پر کہ جسے امام بزرگوار رح نے شروع کیا تھا بڑی طاقتوں سے خوف کھائے بغیر اپنی تحریک کو جاری رکھے گا۔
حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے امت مسلمہ اور ایران کی عظیم ملت کو یوم مبعث رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے آیات قرآنی کا حوالہ دیتے ہوئے بعثت کے گہرے مفہوم کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ مبعث، جوش و جذبے کی عید، فطرت الہی سے رجوع کئے جانے کا دن اور عقل، آزادی، عدل و عدالت اور خدا کی بندگی کے ہمراہ زندگی گذارنے کا دن ہے اور پیغمبران الہی کا وظیفہ انسانوں کی اس پاک فطرت کی جانب ہدایت اور خداوند متعال کے احکامات کے دائرے میں رہنمائی کرنا ہے۔