یمنی عوام کی طبی خدمات کے لئے 6 کروڑ ڈالر کی ضرورت
-
یمنی عوام کی طبی خدمات کے لئے 6 کروڑ ڈالر کی ضرورت
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ یمنی عوام کی طبی خدمات کے لئے چھے کروڑ ڈالر کی ضرورت ہے۔
یمنی خبر رساں ایجنسی سبا نے جمعرات کو یمن میں عالمی ادارہ صحت، ڈبلیو ایچ او، کے نمائندے احمد شادول کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ یمنی عوام کو طبی خدمات فراہم کرنے کے لئے عالمی ادارہ صحت کو دو ہزار پندرہ کے اواخر تک چھے کروڑ ڈالر کے بجٹ کی ضرورت ہے۔
احمد شادول نے یمن میں غذائی اشیا کی قلت کی بابت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ یمن میں غذائی اشیا کی قلت ان اشیا کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کا سبب بنی ہے اور عوام اپنے لئے غذائی اشیا فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق یمن کے مختلف شہروں، خاص طور سے تعز شہر کے لوگوں کی، یمن کا سمندری محاصرہ ہونے اور جارحین کے ہوائی حملے جاری رہنے کی وجہ سے ابتدائی خدمات اور وسائل تک رسائی بہت کم ہوگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق یمن کے جنوب مغربی شہر تعز کے تینتیس لاکھ افراد کو غذا، پینے کے صاف پانی، طبی خدمات اور ایندھن کی اشد ضرورت ہے۔