یمن پر سعودی حملے کا اولین مقصد دہشت گردوں کی حمایت کرنا ہے : محمد علی الحوثی
-
یمن پر سعودی حملے کا اولین مقصد دہشت گردوں کی حمایت کرنا ہے : محمد علی الحوثی
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے یمن پر سعودی عرب کے حملے کا پہلا مقصد دہشت گرد گروہوں کی حمایت قرار دیا ہے
لبنانی روزنامہ الاخبار کی سائٹ کے مطابق یمن کی عوامی انقلابی تحریک کے سربراہ محمد علی الحوثی نے انسانی امور میں اقوام متحدہ کے کوارڈی نیٹر جان گانگ سے ملاقات میں کہا کہ سعودی عرب ، یمن پر حملے میں عام شہریوں، ، بنیادی تنصیبات، گھروں اور اسپتالوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور ان حملوں کا مقصد دہشت گرد گروہوں کی حمایت و مدد کرنا ہے-
محمد علی الحوثی نے مزید کہا کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس اپنی تمام کارروائیوں میں دہشت گردوں کو نشانہ بناتی ہے اور یہی چیز سعودی عرب کے سیخ پا ہونے کا سبب ہے اور اسی وجہ سے وہ یمن کے شہروں کو تباہ و برباد کر رہا ہے-
یمن کی عوامی انقلابی تحریک کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اقوام متحدہ کے کوارڈی نیٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ یمن کے شہروں کا قریب سے دورہ کریں تاکہ سعودی عرب کے حملوں سے ہونے والی تباہی کو سمجھ سکیں- سعودی عرب، امریکہ اور اپنے بعض عرب اتحادیوں کی مدد سے برے پیمانے پر یمن پر وحشیانہ حملے کر رہا ہے تاکہ اس ملک کے مفرور و مستعفی صدر منصور ہادی کو اقتدار میں واپس لا سکے-
یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں میں اب تک ہزاروں بے گناہ شہری ہلاک اور دسیوں ہزار زخمی ہو چکے ہیں-