یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ بمباری
-
یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ بمباری
یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کی وحشیانہ بمباری میں متعدد عام شہری شہید ہوگئے ہیں۔
سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے ایک بار پھر شمال مغربی یمن کی سمندری حدود میں سفر کرنے والے ماہیگروں کی کشتیوں کو نشانہ بنایا ہے جس میں چھے عام شہری شہید اور پانچ دیگر زخمی ہوگئے۔
سعودی لڑاکا طیاروں نے جنوب مغربی یمن کے شہر تعز میں رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے جس میں کہا جارہا ہے کہ دو عام شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
صوبہ صعدہ کے علاقے غمر پر سعودی لڑاکا طیاروں کی بمباری میں ایک خاتون کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے دارالحکومت صنعا میں رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے ۔
تاحال ان حملوں میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دوسری جانب صوبہ تعز میں سابق صدر منصور ہادی کے مسلح حامیوں اور یمنی فوج کے درمیان شدید لڑائی کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق باب المندب کے علاقے میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ساتھ لڑائی میں سعودی عرب کے زرخرید ایجنٹوں کا سرکردہ کمانڈر ہاشم سید اپنے متعدد ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا ہے۔
اس لڑائی میں دہشت گرد کمانڈر کا بیٹا اور بھتیجا بھی مارا گیا ہے۔
صوبہ شبوہ کے علاقے میں یمنی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں سابق صدر منصور ہادی کے حامی مسلح گروہ کے دو اہم سرغنوں کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ درایں اثنا یمنی فوج اور عوامی رضاکا ر فورس کے جوانوں نے جنوبی سعودی عرب کے علاقے عیسر میں واقع سعودی فوج کے ایک اڈے کو میزائیل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔