امریکا کے اسکول میں فائرنگ، متعدد ہلاک اور زخمی
امریکی ریاست جارجیا کے اسکول میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
سحرنیوز/دنیا: امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے بعد اسکول سے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا، فائرنگ کے الزام میں گرفتار ملزم چودہ سالہ طالب علم ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی کئی افراد کو اسپتال لایا گیا ہے، فائرنگ کی اطلاع پر بییرو کاؤنٹی کے تمام اسکولوں کو بند کر دیا گیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچنے سے بھی لوگ زخمی ہوئے۔ شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ مزید ہیلی کاپٹروں اور ایمبولینسوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھا گیا۔
امریکا میں ہتھیار بنانے والی کمپنیوں اور کارخانے کی مضبوط لابی کی وجہ سے کانگریس ہتھیاروں کے رکھنے پر پابندی سے متعلق کوئی بھی قانون بنانے میں اب تک ناکام رہی ہے اور نتیجے میں امریکا میں گن کلچر میں روز افزوں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔