حکومت کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کرنے سے خوفزدہ
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین نے کہا ہے کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمدمیں ناکام ہو چکی ہے۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیمیں اب بھی پنجاب میں کام کررہی ہیں، پنجاب حکومت انتہاءپسندوں کے خلاف مناسب اقدامات نہیں کررہی جبکہ وفاقی حکومت نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمدمیں ناکام ہوچکی ہے.
پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے مزید کوششیں کرناہوں گی لیکن پنجاب میں (ن) لیگ کی حکومت انتہاءپسندوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی دہشت گردوں کے خلاف شمالی وزیرستان میں کارروائی کررہی ہے جبکہ ہم کراچی میں کارروائی کررہے ہیں تاہم (ن) لیگ پنجاب میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کرنے سے خوفزدہ ہے۔
چیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا خاتمہ صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عالمی قوتوں کو پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا۔
بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ امریکا میں بڑھتی ہوئی اسلام دشمن جذبات امریکا کےلئے ایک نیا جنگی محاذہے، جبکہ مسلمانوں کےخلاف ڈونلڈٹرمپ کے احکامات کامیاب نہیں ہوں گے۔
مسلمان ملکوں پر ٹرمپ انتظامیہ کی امریکہ میں داخلے کی پابندیاں تشویشناک ہے چند انتہا پسند افراد کی وجہ سے پورے ممالک کو سزا دینا مناسب نہیں، امید ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کرے گی ، مذہب اور سیاست کو ایک دوسرے کے ساتھ نتھی نہ کیا جائے،اسلام کودہشتگردی کے ساتھ نہیں جوڑنا چاہیے،اسلام امن و آشتی کا درس دیتا ہے۔