پاکستان: 36 ممالک کی شرکت سے بحری مشقوں کا آغاز
پاکستانی بحریہ کی مشترکہ امن مشقوں کا آغاز ہو گیا جس میں 9 ممالک کے بحری جہاز حصہ لے رہے ہیں۔ امن مشقوں میں دنیا بھر کے 36 ممالک شریک ہیں۔
پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی پاک بحریہ کی مشترکہ امن مشقوں کا آغاز ہو گیا ہےجس میں 9 ممالک کے بحری جہاز حصہ لے رہے ہیں۔ امن مشقوں میں دنیا بھر کے 36 ممالک شریک ہیں۔
امن مشقوں میں چین کے 3 بحری بیڑے، روس کے 3 اورامریکا کے 4 جنگی بحری جہازشامل ہیں۔ مشقوں میں آسٹریلیا، چین، انڈونیشیا، ترکی، سری لنکا، امریکا، برطانیہ ، جاپان اور روس کے دستے بھی بحری اثاثوں کے ساتھ شریک ہیں اور اپنے بحری اثاثوں سمیت حصہ لے رہے ہیں۔
امن مشق 2017 کی افتتاحی تقریب کراچی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی، اس موقع پر مشقوں میں شامل ممالک کے قومی پرچم فضا میں لہرائے گئے، کمانڈر پاکستان فلیٹ عارف اللہ حسینی نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمدذکا اللہ کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔
امن 2017 مشقوں کے آغاز پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نیوی نے ہمیشہ باہمی تعاون کوفروغ دینے میں اہم کردارادا کیاہے۔ دنیا کے تبدیل ہوتے حالات میں میری ٹائم خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔ کھلے سمندرمیں موجودہ خطرات سے کسی ایک ملکی سرحد کونہیں پوری دنیا کوخطرہ ہے ، سمندر میں دہشت گردی، قزاقی اور اسلحہ و انسانی اسمگلنگ بڑھ رہی ہے، سمندرمیں بڑھتے ہوئے خطرات سے کوئی ایک ملک نبردآزمانہیں ہوسکتا، اس کے لیے باہمی تعاون ضروری ہے۔
واضح رہے کہ آج سے شروع ہونے والی بحری امن مشقیں 5 روز تک جاری رہیں گی جس میں 36 سے زائد ممالک شرکت کریں گے جب کہ بحری مشقوں کے دوران عالمی میری ٹائم کانفرنس بھی ہوگی۔