Feb ۱۵, ۲۰۱۷ ۰۹:۳۱ Asia/Tehran
  • دہشت گرد وں کے خلاف کارروائی پرعمران خان کی تاکید

عمران خان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد ہوتا تو دہشت گردی نہ ہوتی۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سانحہ مال روڈ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کے لئے بہت مشکل وقت ہے اور ہم لواحقین اورزخمیوں کےغم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد ہوتا تو دہشت گردی نہ ہوتی اور اگر کراچی میں رینجرز آپریشن ہوسکتا ہے تو پنجاب میں کیوں نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب میں مسئلہ ہے تو جو دہشت گرد دندناتے پھررہے ہیں ان کے خلاف آپریشن کیوں نہیں کیا جاتا، یہ کس کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر تمام سیاسی جماعتوں کے دستخط ہیں اسے فوری نافذ کریں، ملک اکٹھا ہو کر صحیح معنوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پولیس کو غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہوناچاہیے، رینجرز اور پولیس پر نہ چھوڑا جائے کہ دہشت گردی ختم کریں گے، پولیس کا محکمہ ٹھیک ہونے میں حکمران سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، وہ اس ادارے کو اپنے انتقام کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب عمران خان نے گنگا رام اسپتال خود کش حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی جب کہ وہ ڈی آئی جی احمد مبین کے گھر بھی گئے جہاں انہوں نے ان کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں مال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں ڈی آئی جی ٹریفک اور ایس ایس پی سمیت 7 پولیس اہلکار اور 6 عام شہری جاں بحق ہوئے تھے جب کہ ایک سو سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے 15 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

 

ٹیگس