Apr ۲۲, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۳ Asia/Tehran
  • سعودی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کے خطرناک نتائج

مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کے نتائج افغانستان میں امریکہ کی جنگ لڑنے سے زیادہ بدترین ثابت ہوں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی نے کراچی میں کہا ہے کہ حکمرانوں نے ہمیشہ ملکی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک و قوم کو اپنے ذاتی مفاد کی خاطر بھینٹ چڑھایا ہے، آج ایک بار پھر پارلیمنٹ اور عوام کی رائے کو نظر انداز کرتے ہوئے سعودی فوجی اتحاد میں شمولیت کے حکومتی فیصلے سے پاکستان ایک ایسی دلدل میں پھنس جائے گا، جس سے نکلنا شاید ممکن نہ ہو۔

علامہ مختار احمد امامی نے کہا کہ مشرق وسطٰی میں امریکہ و اسرائیل اور اس کے مغربی اتحادی بری طرح ناکام ہوچکے ہیں، امریکی اسرائیلی بلاک کو اسلامی مزاحمتی بلاک کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کا سامنا ہے، اس لئے وہ مشرق وسطٰی میں اپنی ذلت آمیز شکست کا بدلہ مسلمانوں کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرکے لینا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد امریکی ایماء پر بنایا گیا ہے، جوعالم اسلام کی وحدت کے خلاف امریکی سازش کا تسلسل ہے، لہٰذا پاکستان کو کسی بھی سازش کا حصہ نہیں بننا چاہیئے جو عالم اسلام کی تقسیم اور مسلم امہ میں انتشار کا سبب بنے۔

پاکستان میں نواز شریف کی حکومت کی جانب سے سعودی فوجی اتحاد میں شمولیت کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب پاکستان کی کئی سیاسی اور مذہبی جماعتوں اور متعدد شخصیات نے حکومت کے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے اس کو پاکستان کے مفاد کے خلاف قرار دیا ہے-

پاکستان میں بہت سے تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سعودی فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

 

ٹیگس