پاکستان میں دھماکہ، چار سیکورٹی اہلکارہلاک
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
اتوار کی شام مند میں گواک کے مقام پر ایف سی قافلے کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ حکام کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کے نتیجے میں ایف سی کی ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس کے سبب چار اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔زخمی ہونے والے ایف سی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کے لیے تربت اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں سیکورٹی سخت کردی گئی جبکہ سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا۔
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے فورسز کے قافلے پر حملے میں 4 اہلکاروں کی ہلاکت کے واقعے کی شدید مذمت اور قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔