امریکہ اورعرب بادشاہتوں کی مداخلت کے باعث پاکستان سازشوں کا شکار
مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کی اتحادی عرب بادشاہتوں کی مداخلت کے باعث پاکستان داخلی و خارجی سازشوں کا شکار ہو رہا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کراچی میں قومی و بین الاقوامی صورتحال اور ہماری ذمہ داری کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف پاک افواج کو ایک بار پھر امریکی ایماء پر تیزی سے زوال پذیرعرب بادشاہتوں کی بقاء کی ناکام جنگ میں دھکیلنا چاہتی ہے اورآج ملک بھر میں سینکڑوں کی تعداد میں بے گناہ محب وطن شیعہ علمائے کرام و شخصیات کو امریکہ اور اس کی غلام عرب بادشاہتوں کی ایماء اور مداخلت کے باعث ماورائے عدالت اغواء کیا جا رہا ہے اوراگر جلد بازیابی عمل میں نہیں لائی گئی تو پانچ کروڑ شیعہ مسلمان سڑکوں پر نکل کر ظالم جابر حکمرانوں کا اقتدار بہا لے جائیں گے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ نواز حکومت نے عوامی خواہشات کے برعکس اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لئے بغیر صرف اور صرف امریکہ و عرب بادشاہتوں کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے راحیل شریف کو متنازعہ ترین فرقہ وارانہ فوجی اتحاد میں شمولیت کے لئے بھیج دیا، جبکہ واضح ہے کہ اس فوجی اتحاد میں شمولیت اور راحیل شریف کو این او سی دینے کے اس فیصلے پر پاکستانی قوم اور پارلیمنٹ کو شدید تحفظات تھے اور وہ بھی ایک ایسے حساس ترین وقت میں جب وطن عزیز پاکستان دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے۔
اس موقع پرعلامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ صادق جعفری، علامہ اظہر نقوی، علامہ مبشر حسن علامہ نشان حیدر سمیت دیگر صوبائی و ڈویژنل عہدیداران، کارکنان اورعوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔