نواز شریف کے ہوتے ہوئے ملکی سلامتی خطرے میں
عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عہدے پر برقرار رہا تو ملکی سلامتی خطرے میں پڑجائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم نواز شریف کو مجرم تسلیم کرچکی ہے اور اگر کرپٹ وزیراعظم عہدے پر برقرار رہا تو ملکی سلامتی خطرے میں پڑجائے گی ۔
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نواز شریف منی لانڈرنگ کے ملزم ہیں جن کے خلاف فوجداری تحقیقات ہورہی ہیں جو کرپشن سے زیادہ سنگین جرم ہے، نواز شریف جے آئی ٹی میں 13 سوالات میں سے ایک کا بھی جواب دینے میں بھی ناکام ہوگئے، الٹا کہہ رہے ہیں کہ جے آئی ٹی میرے سوالات کا جواب نہیں دے رہی، مریم نواز سمیت شریف خاندان کو جے آئی ٹی میں گھسیٹنے کے قصور وار خود نواز شریف ہیں، انہوں نے اپنی جان بچانے کے لیے مرحوم والد اور بے چارے بچوں کو گھسیٹ لیا، حکومت کو پتہ ہے کہ فیصلہ اس کے خلاف آئے گا اس لیے جے آئی ٹی کو متنازع بنایا جا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پر حملے کیے جارہے ہیں، جے آئی ٹی پر تنقید کا مطلب سپریم کورٹ پر تنقید ہے، حکومت نے عدلیہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو میری ایک کال پر پورا پاکستان باہر نکل آئے گا، لوگ خاموشی سے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔
پارا چنار اور کوئٹہ دھماکوں کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی بین الاقوامی سازش کی جارہی ہے، اتحادی افواج کے عراق پر حملے کے بعد یہ آگ لگائی گئی جو اب پھیلتی جارہی ہے، پاکستان یہ لڑائی روکنے میں کردار ادا کرے، بہاولپور کے بعد نواز شریف کوئٹہ اور پاراچنار کیوں نہیں گئے، فوج سے سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد میں پاراچنار کا دورہ کروں گا۔