اب طاہرالقادری دھرنا دیں گے
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مال روڈ دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16ا گست کو مال روڈ پردھرنا دیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا کہ ہم 3 سال سے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں، شہدا کے ورثا کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے، ہماری درخواست ہے کہ عید کے بعد پہلے ہفتے میں لاہور ہائی کورٹ کا غیر جانبدار بنچ مقرر کیا جائے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ شہدا کے ورثا 16 اگست کو مال روڈ پر آنا چاہتے ہیں، 16 اگست بروز بدھ کو شہدا کی بیوائیں اور بیٹیاں مال روڈ پر آئیں گی اور کب تک بیٹھتی ہیں یہ ان کا فیصلہ ہے، مجھے ان سے اظہار یکجہتی کیلئے جانا ہوگا تاہم وہاں سے کب جاؤں گا یہ فیصلہ بعد میں کروں گا۔
طاہرالقادری نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے قافلے میں شامل گاڑی نے بچہ کچل دیا کوئی پلٹ کر ان کے گھر نہیں گیا، حکمرانوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے جب کہ دھرنے میں صرف خواتین شامل ہوں گی۔