داعش کا جھنڈا لہرانے پر پاکستانی سینٹ سخت برہم
پاکستان کے دارالحکومت میں داعش کا جھنڈا لہرانے پر پاکستانی سینٹ نے سخت ایکشن لیا ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے اسلام آباد ہائی وے پر داعش کے جھنڈے لہرانے کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت داخلہ کے حکام کو تفصیلی بریفنگ کے لئے آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا ہے۔
کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز کمیٹی کے چیئرمن رحمان ملک کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران رحمان ملک نے اسلام آباد ہائی وے پر دہشت گرد گروہ داعش کے جھنڈے لہرانے کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت داخلہ سے آئندہ اجلاس میں بریفنگ طلب کی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کمیٹی کو اگلی میٹنگ میں بریفنگ دینے کا وعدہ کرتے ہوئے بتایا پاکستان میں داعش کی موجودگی کی کوئی اطلاع نہیں، جھنڈا لگانا صرف ایک شرارت ہے، معاملہ کی ایف آئی آر درج ہوچکی ہے، تحقیقات جاری ہے، آئندہ اجلاس پر مزید تفصیلات کمیٹی کے سامنے پیش کر دیں گے۔
پاکستان کےوزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے پاکستان میں داعش کی موجودگی کی ایسے میں نفی کی ہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمن رحمان ملک نے اس سے قبل اپنے بیان میں پاکستان میں داعش کی موجودگی کا اعتراف کیا تھا۔