شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی مذمت
مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تکفیری دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لئے فوری کارروائی کرے۔
کوئٹہ شہر کے امام جمعہ اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی نے کوئٹہ میں شیعہ مسلمانوں کی جاری ٹارگٹ کلنگ کو ایک منصوبہ بند سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں صرف کوئٹہ میں شیعہ مسلمانوں کی شہادت کے باوجود حکومت تکفیری دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے خلاف کسی بھی قسم کی سنجیدہ کارروائی نہیں کررہی جس کی وجہ سے آئے دن شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کل کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر موٹرسائیکل سوار تکفیری دہشتگردوں نے مچھ جانے والی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دوشیعہ مسلمان حبیب اللہ اورعبدالحسین شہید اور سید مبارک اور یونس زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق شہید ہونے والے دونوں افراد مزدورتھے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ایک بار پھر تیز ہوگئے ہیں، لیکن شیعہ کلنگ میں ملوث کالعدم لشکر جھنگوی کا سرغنہ رمضان مینگل آزاد ہے۔