پاکستان میں عید کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا عزم
پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا ہے کہ جسے عید کے بعد تحریک چلانی ہے چلائے میدان کھلا ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ عید کے بعد حکومت کے خلاف جس کو تحریک چلانی ہے چلائے، میدان کھلا ہے تاہم شیخ رشید نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جانتا ہوں ملکی معیشت بہت خراب ہے، امتحان کے دن ہیں اور مہنگائی ہے، حالات بہتر ہونے میں مزید ایک سال لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری ہے مگر اس کے ذمے دار نواز شریف اور آصف زرداری ہیں۔
دوسری طرف مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کہتے ہیں عید کے بعد اے پی سی میں نااہل اور نالائق حکومت کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا جائے گا۔
فیصل آباد میں سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں شہبازشریف آٹھ جون کو پاکستان آرہے ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا مزید یہ کہنا تھا کہ نالائقوں کا ٹولا اکٹھا ہو کر ملک کو تباہ کر رہا ہے اور ملک کو تباہی اور ان نالائقوں سے آزادی دلانے کے لئے تمام اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہو رہی ہیں۔ عید کے بعد حکومت کے خلاف احتجاج کا لائحہ عمل بھی باہمی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔
پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ کا وزیرِاعظم عمران خان سے متعلق کہنا ہے کہ کہ عمران خان نے سونامی کی دعا مانگی جو قبول ہوئی اور سونامی کے تو معنی ہی تباہی کے ہیں۔