Jun ۰۸, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۷ Asia/Tehran
  • پاک وہند کے مابین بات چیت پر تاکید

پاکستان کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اپنے اپنے ہندوستانی ہم منصبوں کو خط لکھ کر دونوں ممالک کے مابین بات چیت کی ضرورت پر تاکید کی۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کےوزیراعظم عمران خان نے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے جس میں نریندر مودی کو دوبارہ وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ہندوستانی وزیراعظم کو خط میں مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آگے بڑھنے کے لئے مشترکہ طور پر خطے میں امن و استحکام ضروری ہے، امن و استحکام سے ہی خطے میں ترقی آسکتی ہے، اور ترقی کے لئے ایک ساتھ کام کرنا ضروری ہے۔

پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور کشمیرسمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل چاہتا ہے، مذاکرات کے ذریعے ہی دونوں ممالک کے عوام کو غربت، افلاس اور دیگر مسائل سے نکالا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان چاہتاہے کہ ہندوستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت ہو جب کہ خطے میں امن و استحکام سے ہی ترقی ممکن ہے۔

ٹیگس