Oct ۲۶, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۷ Asia/Tehran
  • اپوزیشن کا رویہ ہٹ دھرمی پر مبنی ہے: عمران خان

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان آزادی مارچ کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا جس پرعمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کا رویہ ہٹ دھرمی پرمبنی ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے مابین ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور میں بھی تاحال کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور دونوں کمیٹیاں اپنی اپنی تجاویز ایک دوسرے کو پیش کررہی ہیں لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی ڈی چوک اسلام آباد پر جلسے کے مطالبے سے دست بردار ہوگئی ہے اور اس نے آزادی مارچ کو جناح ایونیو تک لانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے جس پر حکومتی کمیٹی نے وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کی ہے۔

قبل ازیں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور کے بعد دونوں کمیٹیوں کے ارکان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں حکومتی رکن پرویز خٹک اور رہبر کمیٹی کے رہنما اکرم درانی کا کہنا تھا کہ بڑے اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی، ہم نے اپنی اپنی تجاویز ایک دوسرے کے سامنے پیش کیں اور ہم  نے اپوزیشن کو لیڈرشپ سے مشاورت کے لیے کہا ہے۔

دوسری جانب پرویز خٹک نے  وزیراعظم کو اپوزیشن سے مذاکرات کے معاملے سے آگاہ کیا اس موقع پرعمران خان نے کہا کہ ہم نے بات چیت کے ذریعے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی ہے لیکن اپوزیشن کا رویہ غیر جمہوری اور ہٹ دھرمی پر مبنی ہے۔

ادھر لاڑکانہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت ہمارے رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاری کے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، یہ اسمبلی جعلی ہے، اتنی دھاندلی اور اتنی نااہل حکومت آج تک نہیں دیکھی، میں نے رہبر کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ حکومت کے سامنے چارٹرآف ڈیمانڈ واضح کر دیا جائے اور بتایا جائے کہ وزیراعظم کے استعفیٰ سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔

 

ٹیگس