آزادی مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں
مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں حزب اختلاف کا آزادی مارچ اسلام آباد کی جانب گامزن ہے
بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ تیز گام ٹرین حادثے کے سبب اسلام آباد میں جلسے کے تعلق سے مارچ میں شامل حزب اختلاف کی جماعتوں میں اختلاف ہوگیا ہے ۔
مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال اور مریم اورنگ زیب نے اعلان کیا ہے کہ سانحہ تیز گام کی وجہ سے اسلام آباد میں آزادی مارچ کا جلسہ کل جمعے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے لیکن عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان جلسے کی جگہ پر پہنچ گئے ۔ انھوں نے کہا کہ تحریکوں میں جو فیصلے ایک بار کرلئے جاتے ہیں وہ تبدیل نہیں ہوتے ۔ انھوں نے کہا کہ آج جلسے کا اعلان کیا گیا تھا، کوئی پہنچے یا نہ پہنچے اے این پی پہنچ گئی ہے اور ہم آج اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے ۔
آزادی مارچ کے قائد مولا فضل الرحمن نے بھی اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کو ملتوی کئے جانے کی تردید کی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کنیفیوژن پھیلایا جارہا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنا ہے یا جلسہ ، انھوں نے کہا کہ یہ آزادی مارچ ہے اور اس میں دھرنا بھی شامل ہے جلسہ بھی ۔ انھوں نے تیز گام ایکسپریس کے حادثے پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا لیکن اسی کے ساتھ کہا کہ اس کی وجہ سے مارچ نہیں رکے گا۔