نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکلے گا یا نہیں؟
پاکستان کے سابق اور نا اہل ہونے والے وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو آج سنائے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان کے وزیر قانون فروغ نسیم کی سربراہی میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے تین اجلاس ہوئے، پہلی دو میٹنگز بے نتیجہ رہیں جبکہ تیسری میں فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ ذیلی کمیٹی کی جانب سے سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے سیکیورٹی بانڈز کی شرط رکھی گئی ہے۔ کیس کی مالیت کے برابر رقم یا پراپرٹی جمع کرانے کے مطالبے پر ڈیڈلاک پیدا ہوا، مسلم لیگ نون نے مطالبے کو ماننے سے انکار کر دیا۔
دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) نے میاں نواز شریف کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے سابق وزیراعظم بیرون ملک گئے اور واپس نہ آئے تو کون ذمہ دار ہوگا؟
نیب ذرائع کے مطابق تین مقدمات میں نواز شریف ملزم ہیں جبکہ ایک میں سزا ہو چکی ہے۔ مقدمات میں حاضری یقینی بنانے کیلئے حکومت طریقہ کار طے کرے۔
خیال رہے کہ پی ایم ایل این کے ذرائع نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر کہا ہے کہ انھیں 8 ہفتے کی ضمانت ہوئی، حکومت کس بات کی تاریخ مانگ رہی ہے؟ لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت میں پہلے ہی مچلکے جمع ہیں، 8 ہفتے کی تو ضمانت ہے۔ علاج شروع ہوگا تو تب پتہ چلے گا کہ کب واپسی ہوگی۔