Jun ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • پاکستان کا جوابی اقدام، ہندوستانی ناظم الامور کو طلب کر لیا

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافے کے بعد پاکستان کی وزارت خارجہ نے جوابی اقدام کے تحت اسلام آباد میں متعین ہندوستان کے ناظم الامور کو طلب اور سفارتی عملے کی تعداد میں کمی کے ہندوستانی فیصلے پر احتجاج کیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان کے دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کے ناظم الامور کو طلب کر کے نئی دہلی میں پاکستانی سفارتی عملے کی تعداد میں کمی کے فیصلے پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نئی دھلی میں اپنے سفارتی عملی کی جانب سے ویانا کنویشن کی خلاف ورزی کے الزامات کو سختی کے ساتھ مسترد کرتا ہے۔ 

پاکستان کے دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں نئی دہلی کی ان کوششوں کو لاحاصل اور ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی صورتحال سے رائے عامہ توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بہتر ہوگا کہ ہندوستان کشیدگی پھیلانے والے اقدامات کے بجائے اپنے اندرونی معاملات پر توجہ مرکوز کرے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے منگل کے روز نئی دہلی میں متعین پاکستانی ناظم الامور کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے اسلام آباد کے رویئے کو دو طرفہ معاہدوں کے منافی قرار دیا تھا اور ایک ہفتے کے اندر اندر نئی دہلی میں پاکستانی سفارت کاروں کی تعداد میں پچاس فیصد کمی کرنے کا حکم دیا تھا پاکستان نے بھی اسلام آباد میں ہندوستانی سفارتکاروں کی تعداد میں پچاس فیصد کمی کا حکم دے دیا ہے

ٹیگس