Aug ۰۳, ۲۰۲۰ ۲۰:۵۷ Asia/Tehran
  • خطے کے لیے سب سے بری صورتحال، ایران اور سعودی عرب کے درمیان ٹکراؤ ہے: عمران خان

پاکستان کے وزیر اعظم نے الجزیرہ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کے لیے سب سے بری صورتحال، ایران اور سعودی عرب کے درمیان براہ راست مسلحانہ ٹکراؤ ہے۔

عمران خان نے اس انٹرویو میں دعوی کیا کہ اسلام آباد نے، ایران اور سعودی عرب کے درمیان براہ راست ٹکراؤ کو روکنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کی ہیں اور اسے کامیابی بھی حاصل ہوئي ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان، تہران اور ریاض کے درمیان ثالثی کر رہا ہے اور اس میں بہت دھیرے دھیرے پیشرفت ہو رہی ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے ترکی کے سلسلے میں بھی کہا کہ اسلام آباد، ترکی کے ساتھ اپنے معاشی تعاون کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا خواہاں ہے۔

عمران خان نے یمن کی جنگ کے بارے میں بھی کہا کہ اس ملک میں ایک انسانی المیہ رونما ہو رہا ہے اور پاکستان نے یمن میں قیام امن کے لیے کوشش کی ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ یمن پوری طرح سے تباہی اور بربادی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے افغانستان میں امن مذاکرات کے بارے میں کہا کہ بعض فریق ان مذاکرات کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ ان کے بقول، ان کے مفادات ٹکراؤ میں ہی پوشیدہ ہیں۔

عمران خان نے اسی طرح ہندوستان کے مسلمانوں کے سلسلے میں کہا کہ اس ملک کے مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ نازی جرمنی میں یہودیوں کی نسل کشی کی طرح ہے۔

ٹیگس