پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب
پاکستان بھاری اکثریت سے آئندہ تین سال کیلئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رُکن منتخب ہو گیا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق سعودی عرب انسانی حقوق کونسل کا رکن نہ بن سکا تاہم پاکستان 191 میں سے 169 ووٹ حاصل کر کے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوا۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کثیر تعداد میں ووٹ ملنا عالمی سطح پر پاکستان کی پالیسیوں پر اظہار اعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا۔ قریشی کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کونسل نے پاکستان کی درخواست پر ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا ہے۔
وزیر خارجہ پاکستان نے کہا کہ انکے ملک نے ہمیشہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور انسانی حقوق کی پاسداری کیلئے آواز بلند کی ہے۔