Nov ۲۱, ۲۰۲۰ ۱۹:۵۲ Asia/Tehran
  • فضل الرحمان نے حکومت کو کورونا قرار دے دیا

پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے موجودہ حکومت کو سب سے بڑا کورونا قرار دے دیا۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے سنیچر کو پشاور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ روکنے کے لئے جب حکومت کو کوئی دوسرا بہانہ نہ ملا تو کہدیا کہ کورونا کی وبا کا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کووڈ انیس کے ساتھ ہی کووڈ اٹھارہ کی بات بھی کرتے ہیں۔ پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اتوار کو پشاور میں تاریخی جلسہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد، پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل ہوچکا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے اسی کے ساتھ اعلان کیا کہ پشاور میں اتوار کو ہونے والے جلسے کے بعد چھبیس نومبر کو لاڑکانہ میں اور اس کے بعد تیس نومبر کو ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کرکے کہا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کے ارکان غیر ذمہ دارانہ سیاست سے عوام کی سلامتی سے کھیل رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کے ارکان عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جلسے کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ وہی لیڈران ہیں جو ملک میں لاک ڈاؤن نہ لگانے کی وجہ سے ان کی حکومت پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کے لیڈران ایسے وقت میں جلسے کر رہے ہیں جب ملک میں کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اُدھر صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں پہلی لہر سے زیادہ کیس آ رہے ہیں۔

 

ٹیگس