Nov ۲۴, ۲۰۲۰ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں 3 خودکش دہشتگرد ہلاک

پاکستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں 3 دہشتگرد مارے گئے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق لاہور میں سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن برکی روڈ پر خود کش حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ جوابی کارروائی میں دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔

خود کش حملہ آور نے سی ٹی ڈی کے تھانہ میں داخل ہونے کی کوشش کی، اس دوران شناخت پوچھنے پر دہشتگرد نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ سی ٹی ڈی تھانے کی ڈیوٹی پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد مارا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سے خود کش جیکٹ اور 2 ہینڈ گرینیڈ برآمد کرلیے گئے۔

دوسری جانب باجوڑ میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے دہشت گردی کے بڑے نیٹ ورک کا قلع قمع کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن باجوڑ کے گائوں تنگی کے قریب کیا گیا۔آپریشن کے دوران دہشت گرد کمانڈر زبیر اور عزیز الرحمان عرف فدا مارے گئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گرد نیٹ ورک پاکستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے لیئے کوآرڈینیٹ کرتا تھا۔

واضح رہے کہ  کمانڈر زبیر باجوڑ  اور ملحقہ علاقوں میں  آپریشنل کمانڈر تھا۔ کمانڈر عزیز الرحمان کی بیوی کراچی میں ویمن ونگ کی نگران تھی۔ کمانڈر عزیز الرحمان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

در ایں اثناء پولیس کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے شہر پشین میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ موٹر سائیکل پر رکھے سامان سے دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا ہے۔ پولیس نے موٹر سائیکل تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔

ٹیگس