طالبان کے وفد کا دورہ پاکستان
قطرمیں طالبان کے سیاسی دفترکے سربراہ ملاعبدالغنی برادرکی سربراہی میں طالبان پولیٹیکل کمیشن کا 9 رکنی وفد آج صبح پاکستان پہنچ گیا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق قطرمیں طالبان کے سیاسی دفترکے سربراہ ملاعبدالغنی برادر کی سربراہی میں طالبان پولیٹیکل کمیشن کا 9 رکنی وفد قطر سے آنے والی پرواز کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق طالبان پولیٹیکل کمیشن کا وفد 16 سے 18 دسمبر تک پاکستان میں تین دن قیام کرے گا اور حکومتی عہدیداران سے مذکرات کرے گا جس کے دوران افغان امن عمل میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
دفترخارجہ کے بیان کے مطابق ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں طالبان سیاسی کمیشن کا وفد پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کرے گا ۔
واضح رہے کہ امن مزاکرات کے سلسلے میں طالبان سیاسی دفتر کے وفد نے گذشتہ سال اگست میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے دوران پاک افغان امن مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت بھی ہوئی تھی۔
طالبان وفد کا دورہ پاکستان ایک ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد پیر کے روز پاکستان کے دورے پرگئے تھے۔