امن کے لیے پہل کرنا ہندوستان کی ذمہ داری ہے، پاکستان وزیر خارجہ
پاکستان کے وزیراعظم اور فوج کے سربراہ کے بعد وزیر خارجہ نے بھی کہا ہے کہ امن کے لیے پہل کرنا ہندوستان کی ذمہ داری ہے۔
جنگ آن لائن کی رپورٹ کے مطابق خطے کی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جمود کی فضا ختم کرنے کی ذمہ داری ہندوستان پرعائد ہوتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کشمیر سمیت تمام مسائل کےحل کی غرض سے گفتگو کا ماحول پیدا کرنے کے لیے تیار ہے تو پاکستان مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ قیام امن کی کوششیں اس وقت تک بار آور ثابت نہیں ہوسکتیں جب تک دونوں ممالک کی قیادت دلی طور پر رضامند نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے منصب سنبھالتے ہی ہندوستان کو دعوت دی تھی کہ وہ امن کی طرف ایک قدم بڑھائے تو ہم دو بڑھائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باوجوہ اور اس سے ایک روز پہلے وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ڈائیلاگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ امن کے لیے پہل کرنا ہندوستان کی ذمہ داری ہے۔
پاکستانی عہدیداروں کے بیانات پر تاحال ہندوستان کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔