تحریک طالبان پاکستان کی صحافیوں کو دھمکی
تحریک طالبان پاکستان نے میڈیا اور صحافیوں کو خبردار کیا ہے کہ انہیں دہشت گرد کہنے سے گریزکیا جائے ۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ وہ تحریک کے بارے میں میڈیا کی کوریج پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ بعض میڈیا رپورٹوں میں تحریک طالبان پاکستان کو دہشت گرد اور انتہا پسند گروہ کہا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا اور صحافیوں کو خبردار کیا جاتا ہے کہ یہ روش ترک کردیں ورنہ انہیں دشمن سمجھاجائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں تحریک طالبان کو اس وقت دہشت گرد قرار دیا گیا جب اس گروہ کے افراد نے اندرون ملک سلسلے وار حملوں میں عام شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا۔پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق تحریک طالبان پاکستان مختلف عسکریت پسند گروہوں پر مشتمل ہے جو دو ہزار سات میں تشکیل دیا گیا اور پاکستان کی وفاقی حکومت نے دو ہزار آٹھ میں اس کو کالعدم اور غیر قانونی گروہ قرار دیا۔ بیت اللہ محسود تحریک طالبان پاکستان کا پہلا سربراہ تھا جو دو ہزار نو میں امریکہ کے ڈرون حملے میں مارا گیا تھا۔