Sep ۲۵, ۲۰۲۱ ۰۹:۵۳ Asia/Tehran
  • پاکستان: 6 دہشتگرد ہلاک، کالعدم سپاہ صحابہ کے متعدد دہشتگرد گرفتار

پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور پنجاب میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کرکے 6 دہشتگردوں کو ہلاک اور 11 کو گرفتار کر لیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق فرنٹیر کور (ایف سی) بلوچستان نے خاران کے قریب دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو کمانڈروں سمیت 6 دہشتگرد مارے گئے جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کمانڈر گل میر، کلیم اللہ بولانی شامل ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان کے شہر تربت میں انسداد دہشتگردی کے ادارے (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ خودکش بمبار سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔

در ایں اثناء کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبے بھر میں کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ اور بم بنانے کا دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

گرفتارہونے والے دہشت گردوں میں سے 4 دہشت گردوں  کا تعلق کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ پاکستان سے ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں خاص طور سے بلوچستان میں دہشتگرد تکفیری گروہ لشکر جھنگوی، کالعدم سپاہ صحابہ اور جماعت الاحرار دہشتگردی کے مختلف واقعات میں ملوث ہیں۔

ٹیگس