جنرل باقری کراچی پہنچ گئے۔ پاکستانی بحریہ کے سربراہ سے ملاقات
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کراچی میں پاکستانی بحریہ کے سربراہ سے ملاقات اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل محمد باقری اور ان کے ہمراہ وفد کے ارکان نے کراچی میں پاکستانی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات اور گفتگو کی۔
جنرل باقری اور ایڈمرل نیازی نے باہمی دلچسپی کے معاملات، ایران پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کی تازہ ترین صورتحال نیز دونوں ملکوں کی بحریہ کے درمیان تعاون کی سطح کے بارے میں بات چیت کی۔ملاقات میں میری ٹائم سیکورٹی نیز خطے کی سلامتی کے حوالے سے رونما ہونے والے واقعات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
قبل ازیں ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے بدھ کے روز اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان، پاکستان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کے چیرمین جنرل ندیم رضا سے الگ الگ ملاقات کی تھی۔ ان ملاقاتوں میں مشترکہ سرحدوں کی سلامتی سے جڑے اہم ترین معاملات، علاقائی امن و استحکام، عالم اسلام کی صورتحال اور خاص طور سے افغانستان میں امن و امان کے قیام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں افغانستان اور یمن سمیت عالم اسلام کے اہم ترین مسائل کا حل تلاش کیے جانے پر زور دیا گیا۔