Oct ۲۳, ۲۰۲۱ ۲۳:۲۸ Asia/Tehran
  • کیا پاکستان نے اپنی فضائی حدود امریکا کے حوالے کر دی ہیں؟

پاکستان کی وزارت خارجہ نے امریکی میڈیا سی این این کی رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان فضائی حدود کے استعمال کا معاہدہ ہو گیا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے وضاحتی بیان جاری کیا کہ امریکا اور پاکستان کے مابین ایسا کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے افغانستان میں امریکی ڈرون حملے کے لیے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال سے متعلق معاہدے پر کہا کہ ایسا کوئی معاہدہ زیر غور نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان اور امریکا کے مابین انسداد دہشت گردی اور خطے میں سیکیورٹی سے متعلق دوطرفہ تعلقات کی طویل تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک روایتی انداز میں دیگر امور پر مذاکرات جاری رکھیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، امریکا کو اپنے اڈے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔

سی سی این نے رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی کانگریس کو دی جانے والی حساس بریفنگ سے متعلق واقف تین ذرائع نے بتایا کہ جو بائیڈن انتظامیہ نے امریکی قانون سازوں کو آگاہ کیا تھا کہ واشنگٹن اور پاکستان کے مابین جلد معاہدہ ہونے والا ہے جس کے تحت افغانستان میں ملٹری آپریشن کے لیے پاکستانی فضائی حدود استعمال ہوسکے گی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان نے بھی مذکورہ معاہدے پر دستخط ہونے کی ’خواہش ظاہر‘ کی تھی تاکہ اس کے بدلے میں انسداد دہشت گردی سے متعلق آپریشن اور ہندوستان کے ساتھ تعلقات کے تناظر میں امریکی مدد حاصل ہوسکے۔

سی این این کی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دے کر کہا گیا کہ معاہدے کی شرائط پر تاحال بات چیت جاری ہے اور اس میں تبدیلی بھی ہو سکتی ہے۔

ٹیگس