Nov ۱۲, ۲۰۲۱ ۱۱:۲۰ Asia/Tehran
  • پاکستان، افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں

پاکستان نے کہا ہے کہ طالبان کو چاہئیے کہ وہ افغانستان کے اندر اور باہر امن مخالف عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔

پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی اور وفد کو افغانستان کے اندر اور باہر امن مخالف عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی تاکید کی۔

پاکستانی ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے، افغانستان کی عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

دفترخارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، قریبی ہمسایہ ہونے کے ناطے افغانستان میں گزشتہ 40 سال سے جاری جنگ و جدل اور بدامنی سے شدید متاثر ہوا ہے۔

پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان، گزشتہ چار دہائیوں سے 30 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کرتا آ رہا ہے، افغانستان کو معاشی و انسانی بحران سے نکالنے کےلیے، پاکستان مسلسل عالمی برادری سے فوری امداد اور مثبت کردار کا تقاضا کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان محدود وسائل کے باوجود افغان بھائیوں کی انسانی معاونت، ادویات اور خوراک کی فراہمی کے لیے حتی الامکان کاوشیں بروئے کار لانے کے لیے پر عزم ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان کے عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی گزشتہ روز تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے تھے۔

افغان وزیرخارجہ کے ساتھ وزیرخزانہ ہدایت اللہ بدری، وزیر صنعت اور تجارت نورالدین عزیز اور وزارت ایوی ایشن کے سینئر عہدیداروں سمیت اعلیٰ سطح کا 20 رکنی افغان وفد بھی پاکستان آیا ہے۔

ٹیگس