Nov ۱۶, ۲۰۲۱ ۱۹:۰۴ Asia/Tehran
  •  اپوزیشن کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کی مخالفت پر عمران خان کی تنقید

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کی مخالفت پر سخت تنقید کی ہے۔

عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ انہیں اپوزیشن کی طرف سے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کی مخالفت پر حیرانی ہے۔انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے پتہ نہیں پاکستان میں حزب اختلاف اس کی کیوں مخالفت کررہی ہے ۔

یاد رہے کہ عمران خان پاکستان میں الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم نافذ کرنا چاہتے ہیں لیکن حزب اختلاف کی جماعتیں عمران خان کی انتخابی اصلاحات کی مخالفت کررہی ہیں ۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی روک تھام اور شفافیت کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم ضروری ہے۔عمران خان نے مہنگائی کے خلاف حزب اختلاف کی تحریک کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی کا سیلاب باہر سے آیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں حزب اختلاف کے اتحاد پی ڈی ایم نے ملک میں بڑھتی ہوئی منہگائی کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ عمران خان نے اقتدار میں آنے سے پہلے ملک میں مہنگائی اور روپے کی قدر میں کمی کے خلاف لانگ مارچ کیا تھا اور مہنگائی اور روپے کی قدر میں کمی کے لئے وفاقی حکومت کو جواب دہ قرار دیا تھا ۔اب عمران خان اقتدار میں ہیں اور اپوزیشن ان مسائل کا ذمہ دار ان کی حکومت کو قرار دے رہی ہے۔

ٹیگس