پی پی پی اور پی ٹی آئی میں تصادم
پاکستان کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں مسلحانہ تصادم کی خبر ہے ۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دو سیاسی جماعتوں پاکستان پپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تصادم کے دوران آتشیں اور غیرآتشیں دونوں طرح کے اسلحے استعمال کئے گئے ۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق تصادم میں دونوں سیاسی پارٹیوں کے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں جماعتوں کی جانب سے پولیس میں ایک دوسرے کے خلاف شکایات درج کرا ئی گئی ہیں ۔
ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے مطابق تھانہ کینٹ میں فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمہ درج کرا یا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے دفعہ پانچ سو کے تحت ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران جھگڑا ہوا تھا۔
واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں حالیہ بلدیاتی انتخابات کافی پرتشدد رہے جن سے ایک روز قبل سٹی کونسل کی میئر شپ کے لیے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔اے این پی امیدوار عمر خطاب شیرانی کے قتل کے بعد کونسل میئر شپ کی نشست کا الیکشن ملتوی کر دیا گیا تھا۔