Dec ۲۳, ۲۰۲۱ ۱۴:۰۷ Asia/Tehran
  • پاکستان و افغانستان سرحد پر کشیدگی

سرحدوں پر خار دار تاروں کی باڑ کے مسئلےمیں پاکستان اور افغانستان کے طالبان فوجیوں کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔ ۔

پاکستان کے روزنامہ ڈان آن لائن نے رپورٹ دی ہے کہ افغانستان میں طالبان فوجیوں نے پاکستانی فوج کی جانب سے دونوں ممالک کی سرحد پر حفاظتی باڑ لگانے کے کام میں مداخلت کرکےاس کو روک دیا ہے۔

روزنامہ ڈان آن لائن کے مطابق افغان وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی نے بتایا ہے کہ طالبان فوجیوں نے اتوار کے روز پاکستانی فوج کو مشرقی صوبے ننگرہار کے ساتھ بقول ان کے ’غیر قانونی‘ سرحدی باڑ لگانے سے روک دیا۔ روزنامہ ڈان نے رائٹرز کے حوالے سے بتایا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ طالبان کے سپاہیوں نے خاردار تاروں کے گُچھے پکڑے ہیں اور ایک سینیئر اہلکار نے فاصلے پر موجود سیکیورٹی چوکیوں پر تعینات پاکستانی فوجیوں سے کہا کہ وہ دوبارہ سرحد پر باڑ لگانے کی کوشش نہ کریں۔

روزنامہ  ڈان آن لائن کے مطابق دو طالبان عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ طالبان اور پاکستانی افواج سرحدی واقعے پر آمنے سامنے آگئی ہیں اور صورتحال میں تناؤ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد بدھ کو افغانستان کے صوبہ کنڑ میں مزید شمال کی جانب سرحد پار پاکستانی علاقے سے مارٹر فائر کیے گئے۔

ٹیگس