Jan ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۶:۴۷ Asia/Tehran
  • برفباری میں پھنسے ۲۱ سیاحوں نے جان گنوائی، پاکستان حکومت نے علاقے کو آفت زدہ قرار دے دیا

شدید برفباری اور راستے بند ہونے کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد حکومت پاکستان نے شمالی سیاحتی علاقے مری کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق، مری میں شدید برفباری کی وجہ سے راستے میں پھنس جانے والی گاڑیوں میں بیٹھے کم سے کم اکیس افراد موت سے ہمکنار ہوگئے جن میں متعدد عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ مری میں برف میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکالنے کا کام جاری ہے اور اس کام میں مدد دینے کے لیے فوج کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب  نے مری میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہونے کے بعد مری میں ایمرجنسی نافذ کردی۔

ادھر اپوزیشن رہنما مریم نواز شریف نے، سانحہ مری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر غفلت برتنے کا الزام ‏عائد کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مری میں ہونے والی ہلاکتیں برفباری سے نہیں بلکہ حکومت کے غفلت کے نتیجے میں ہوئی ہیں۔

دوسری جانب حکومت پاکستان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے لوگوں کی جان بچانے اور راستے کھولنے کے لیے فوری نوعیت کے اقدامات انجام دیئے ہیں۔

واضح رہے کہ برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے لاکھوں افراد ہر سال مری کا رخ کرتے ہیں۔ تاہم اس  برس برف باری کی وجہ سے متعدد گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں اور ہزاروں سیاحوں نے گزشتہ رات سڑکوں پر گزاری۔

ٹیگس