Jan ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۰:۴۳ Asia/Tehran
  • حکومت نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے اپوزیشن، کرپشن کے خلاف سب سے زیادہ اقدامات کیے: عمران خان

پاکستان میں حکومت اور اپوزیشن نے کرپشن سے متعلق ایک دوسرے پر سخت الزامات عائد کئے۔

اپوزیشن نے سی پی آئی رپورٹ کو عمران خان کے خلاف چارج شیٹ قرار دیتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔

قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے گزشتہ 20 سالوں میں کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑے ہیں، بدقسمتی سے ایشیائی خطے میں کرپشن کے معاملے میں پاکستان پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے واضح کیا کہ عمران خان کی حکومت  ملک کی تاریخ میں سب سے کرپٹ حکومت ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر کا کہنا تھا کہ اس رپورٹ کی اشاعت کے بعد عمران خان کا اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن ختم کرنے کےنعرے کے ساتھ اقتدار میں آئے تھے اب انہیں گھر جانا چاہیے۔

علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ملک کے لیے خطرناک ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ تین سالوں میں جو غلطیاں کی گئی ان کی مثال ملک 74 سالہ تاریخ میں کہی نہیں ملتی۔

ادھر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف سب سے زیاد اقدامات کیے جبکہ کرپشن کرنے والے مقدمات کا سامنا کرنے کی بجائے ملک سے باہر بیٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والے مقدمات میں غیر ضروری التوا کے بہانے بنا رہے ہیں، حکومت نے کرپشن کے زیر التوا کیس جلد نمٹانے کے لیے عدالتوں میں مؤثر پیروی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن سے متعلق سال 2021ء کی رپورٹ جاری کی جس میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے دوران پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا۔

کرپشن کی عالمی درجہ بندی کرنے والے ادارے کی رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان میں حکومتی دعووں کے برعکس کرپشن کم ہونے کے بجائے بڑھی ہے۔

رپورٹ میں 180 ممالک کے نام شامل ہیں، جن میں پاکستان کی 16 درجے تنزلی ہوئیں اور 28 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان عالمی رینکنگ میں 140 ویں نمبر پر آگیا۔ گزشتہ سال کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان کا 124واں نمبر تھا۔

ٹیگس