کشمیر معاملے پر پاکستان و ایران میں یکجہتی پائی جاتی ہے: ناظم الامور پاکستان
ایران میں تعینات پاکستان کے ناظم الامور نے کشمیر کے معاملے پر دونوں ممالک کے مابین پائی جانے والی یکجہتی کا ذکر کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کے معاملے پر بے رخی چھوڑ کر میدان میں آئیں۔
ارنا نیوز کے مطابق تہران میں تعینات پاکستان کے ناظم الامور علی عنصر زیدی نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے دن کی مناسبت پر ایک پریس کانفرنس کو خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر ہر سال پاکستان، کشمیر اور دنیا کے بعض دیگر علاقوں میں منایا جاتا ہے اور اس کا مقصد کشمیری عوام کے حقوق کی بازیابی اور انکی تقدیر کا فیصلہ خود انکے ہاتھوں سے ہونے پر زور دینا ہے۔ علی عنصر زیدی نے کہا کہ قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای ہمیشہ کشمیری عوام کے حامی رہے ہیں۔
پاکستان کے ناظم الامور نے مزید کہا کہ کشمیری اور پاکستانی عوام کشمیر کے سلسلے میں واضح موقف اپنانے اور مسلسل حمایت کرنے پر قائد انقلاب اسلامی کے بہت مشکور اور قدرداں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے سلسلے میں اب بھی عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں، اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم میں خاموشی پائی جاتی ہے جبکہ ایران کی جانب سے ہمیشہ کشمیر کے حق میں اونچی سطح پر آواز اٹھائی جاتی رہی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بعض دیگر ممالک میں پانچ فروری کو ہر سال یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جاتا ہے۔