یوکرین بحران کے وقت عمران خان ماسکو روانہ
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان وفاقی وزرا اور دیگر عہدیداروں پر مشتمل اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ روس کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوگئے جہاں دونوں ممالک کے درمیان گیس پائپ لائن کی تعمیر سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ ہوگا۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم اپنے تاریخی دو روزہ دورہ روس کے لیے ماسکو روانہ ہوگئے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر توانائی حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور عامر محمود کیانی بھی دورہ روس کے لیے روانہ ہوئے۔
وزارت توانائی کے ترجمان نے روس اور پاکستان کے درمیان طویل عرصے سے زیر التوا اسٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر کے حوالے سے بتایا کہ دونوں ممالک اس منصوبے کو فوری طور پر شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم اپنے دورے میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کریں گے اور معاشی تعاون سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔