یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبا کی حکومت پاکستان سے فریاد
یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبا نے وطن واپسی کے لئے ایک بار پھر مدد کی اپیل کی ہے۔
یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبا نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہاں حالات بہت خراب ہیں، پاکستان کی حکومت جلد سے جلد یوکرین سے انہیں نکالنے کے لئے اقدامات کرے۔
یوکرین کے شہر پولتاوا میں مقیم پاکستانی طلبا کا کہنا ہے کہ حالات بہت خراب ہیں، مدد کے لئے کوئی نہیں آیا۔ طلبا نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ اور پیسے بھی نہیں ہیں تو ہنگری اور پولینڈ کے بارڈر تک کیسے پہنچیں۔
دوسری جانب پی آئی اے نے یوکرین میں محصور پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے پلان تیار کرلیا ہے جبکہ یوکرین میں پاکستانی سفارتخانہ پولینڈ کی سرحد کے قریب منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس سے پہلے پاکستان کی ایک اپوزیشن لیڈر مریم نواز نے حکومت سے کہا تھا کہ وہ یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں اور طلبا کو وہاں سے نکالنے کے لئے فوری طور پر اقدام کرے۔ حکومت پاکستان نے بھی کہا ہے کہ وہ پاکستانیوں کو نکالنے کے لئے پوری کوشش کر رہی ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یوکرین میں پاکستانی سفارتخانہ مکمل طور پر فعال ہے۔