پاکستان کے وزیر اعظم اور سیاسی اور مذھبی جماعتوں کی جانب سے پشاور دھماکے کی مذمت
پاکستان کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں اور اس ملک کے اعلی حکام نے پشاور کے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ عمران خان نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ دھماکہ المناک ہے، یہ ملک کو کمزور کرنے کی سازش ہے، بڑے پیمانے پر انسانی جانیں ضائع ہوئیں، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے پشاور کے قصہ خوانی بازار میں واقع جامع مسجد کوچہ رسالدار میں دھماکے کی مذمت کی ہے۔
انہو ں نے آئی جی پولیس خیبر پختون خوا سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی، جبکہ ریسکیو اداروں اور انتظامیہ کو امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے اراکینِ صوبائی کابینہ کو امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
پاکستان کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں من جملہ مجلس وحدت مسلمین،شیعہ علماء کونسل،جماعت اسلامی پیپلز پارٹی نے پشاور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کی گرفتاری اور انھیں قرار واقعی سزا دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پشاور کے قصہ خوانی بازار میں کوچہ رسالدار کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اب تک 30 نمازی شہید جبکہ 50 زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید کے مطابق یہ خود کش حملہ تھا، خودکش حملہ آور نے پولیس پر فائرنگ کی اور مسجد میں داخل ہو گیا جس کے بعد وہ منبر تک پہنچ گیا جہاں اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک 50 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے جن میں سے 10 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔