Mar ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۹:۴۶ Asia/Tehran
  • پاکستان میں تحریک عدم اعتماد پر سیاسی معرکہ آرائی

پاکستان میں اپوزیشن رہنماؤں نے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کے بعد دعوی کیا ہے کہ انہیں ایک سو بہتر سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کے بعد اپوزیشن رہنماؤں سابق صدر آصف زرداری ، مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں دعوی کیا کہ تحریک عدم اعتماد کے لئے ان کو ایک سو بہتر سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اچھے اور دوست ملکوں کو ناراض کردیا گیا چین جیسے دوست کو ناراض کرنا کہاں کی خارجہ پالیسی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ میلسی کے جلسہ عام میں یورپی یونین اور نیٹو کے خلاف بیان دے کر یورپ کی بھی ناراضگی مول لے لی گئی۔ شہبازشریف نے عمران خان کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نسلوں کو گروی رکھ دیا گیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے تحریک عدم اعتماد پیش کردی ہے اور حکومت کو تاریخی شکست ہوگی۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی پریس کانفرنس میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن پوری طرح متفق ہے اور اپوزیشن سمجھتی ہے کہ اب نہیں تو، کبھی نہیں ہوسکے گا۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جارہی ہے اور اپوزیشن کو ایسی شکست دیں گے کہ وہ دو ہزار اٹھائیس تک نہیں اٹھ سکیں گے۔ انہوں نے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر کہا کہ سیاسی مخالفین کی یہ آخری واردات ہوگی ۔ ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کبھی چوروں کا ساتھ نہیں دیں گے۔

ٹیگس