Mar ۰۹, ۲۰۲۲ ۲۲:۰۹ Asia/Tehran
  • اپوزیشن پر بھڑکے عمران خان، سب سے اکیلے نمٹنے کا دعوی

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میرے ہاتھوں میں جو رنجیر بندھی ہوئی تھیں وہ اب کھل جائیں گی اور میرا پہلا ہدف آصف علی زرداری ہوں گے جو کافی عرصے سے میری بندوق کے نشانے پر ہیں۔

گورنر ہاؤس کراچی میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ علی زیدی اور ان کی ٹیم کے دورے سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ سب سے زیادہ تبدیلی کی ضرورت سندھ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ ڈاکو زرداری سے آزادی چاہتے ہیں، علی زیدی اور شاہ محمود قریشی کے بعد اب میں سندھ کا دورہ کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسئلے کے سبب ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوگیا تھا اس سے اللہ نے ہمیں بچایا اور اب یوکرین کی وجہ سے گندم اور تیل کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے، لیکن اللہ کا کرم ہے کہ میں نے اپنی قوم کو ان ساری چیزوں سے بچایا۔

کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے عدم اعتماد کی تحریک اسمبلی میں درج کروادی ہے اور میں اپنی ٹیم کو کہہ رہا تھا کہ انہوں نے وہ کام کیا ہے جو میں چاہتا تھا کہ وہ اپوزیشن کریں۔ وزیر اعظم نے عدم اعتماد کو اپوزیشن کی سیاسی موت قرار دیا۔

سابق صدر آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اب تمہارا وقت آگیا ہے، یہ ظالم آدمی پولیس اور غنڈوں کو استعمال کرتا ہے، ہر چیز پر کمیشن کھاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری پیسوں کے ٹوکریں لے کر پھرتے ہیں مجھے ایک ایم این اے نے بتایا کہ آصف زرداری نے انہیں 20 کروڑ روپے کی پیش کش کی ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ زرداری تمہیں نیب بلاتی ہے تو کمر میں درد ہوجاتا ہے۔

شہباز شریف کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ دوسری طرف مقصود چپڑاسی والا ہے، جوتے پالش کرنے والا ’شوباز‘ وہ بھی آصف زرداری کے ساتھ مل گیا ہے کیونکہ ان کو یقین ہوگیا ہے کہ ان کا وقت آگیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ان کے ساتھ ’ڈیزل‘ بھی مل گیا ہے، یہ چور جو 30 سال سے اس ملک کا خون چوستے رہے ہیں اب اکٹھے ہوگئے ہیں کہ ملک کو عمران خان سے بچانا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں اپنی ساری قوم کو بتاؤں گا کہ یہ چوروں کا ٹولہ ہے اس کے خلاف جنگ اکیلے عمران خان کی نہیں ہے بلکہ ہر بچے بچے کی ہے، ہم سب نے انہیں وہاں پہنچانا ہے جہاں انہیں بہت پہلے ہونا چاہیے تھا۔

ادھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسپیکر قومی اسمبلی سے تحریک عدم اعتماد کے لیے اسمبلی کا اجلاس جلد طلب کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے اور ملک طویل بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

ٹیگس